انگلینڈ میں آج سے نئی ٹی 20 سیریز،نمبر ون بننا ہدف،پہلا میچ کون جیتے گا؟جانئے اس رپورٹ میں

عمران عثمانی

دنیائے کرکٹ کے روایتی حریف انگلینڈ اور آسٹریلیا آج جمعہ 4ستمبر سے ایک سیریز کا آغاز کرنے جارہے ہیں،انگلش سر زمین رواں سیزن میں چوتھے ملک کے خلاف5ویں سیریز کھیل رہی ہے،کووڈ-19کی رکاوٹ کے بعد آسٹریلیا پہلی بار ایکشن میں آئے گا جبکہ میزبان ملک ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز ،آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے اور پاکستان کے خلاف ٹی 20سیریز کامیابی سے کھیل چکا ہے۔
سائوتھمپٹن میں 3 میچزکی سیریز کا پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے شروع ہوگا،اس سیریز کی اہمیت اس لئے بھی زیادہ ہے کہ انگلینڈ ٹی 20 کی بادشاہت کا خواب دیکھ رہا ہے جبکہ پہلی پوزیشن پر موجود آسٹریلیا اپنی پوزیشن کو مزید بہتر کرنے کا مشن لئے ہوئے ہے۔اس وقت آسٹریلیا 278کے ساتھ پہلے،انگلینڈ 268کے ساتھ دوسرے اور بھارت 266کے ساتھ تیسرے جبکہ پاکستان 261کے ساتھ چوتھے اورجنوبی افریقا 258کے ساتھ 5ویں نمبر پر ہے۔
آسٹریلیا اگر کلین سویپ کر لے تو وہ 283کے ساتھ اور آگے چلاجائے گا ،انگلینڈ بھارت سے نیچے تیسری پوزیشن پر آجائےگا۔اس کے برعکس اگر انگلینڈ کلین سویپ کرلے تو وہ 275کے ساتھ دنیا کی نمبر ون سائیڈ بن جائے گی،آسٹریلیا 270کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہوگا۔انگلینڈ 2-1 سے جیت بھی جائے تو بھی اس کی پہلی پوزیشن نہیں آئے گی۔
سیریز کے آغاز سے قبل انگلش کپتان اوئن مورگن نے اعتراف کیا ہے کہ ان کے مقابلے میں آسٹریلیا قدرے بہتر اور مضبوط ٹیم ہے،گویا انہوں نے اپنی کمزوری کا ادراک کرلیا ہے۔مہمان کپتان ایرون فنچ کہتے ہیں کہ یہاں جیتنے ہی آئے ہیں اور ہمارے کھلاڑی طویل عرصے بعد ایکشن میں آنے کو تیار ہیں،انگلینڈ کے پاس انٹر نیشنل میچزکی پریکٹس ہے جبکہ ہمارے پاس نہیں ہے لیکن پھر بھی جیتنے کی کوشش کریں گے۔
انگلش ٹیم میں جوفرا آرچر اور جس بٹلر کی واپسی یقینی ہے جبکہ مارک ووڈ بھی کھیلیں گے اور ٹام بونٹن اور ڈیوڈ میلان میں سے ایک ڈرا پ ہوگا۔آسٹریلیا کی ٹیم میں متوقع کھلاڑی ہی کھیلیں گے جن میں فنچ،وارنر،اسمتھ،میکسویل،مچل مارش،ایلکس کیری،آشٹن اگر،زمپا،کمنز،مچل سٹارک اورکین رچرڈ سن شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کو معمولی سا امکان 8سے 9 کے درمیان ہے لیکن اس سے قبل اور اس کے بعد موسم کرکٹ کے لئے بہترین ہوگا،وکٹ ڈرائی اور صاف ہے ،اس لئے زیادہ اسکور بن سکیں گے،آسٹریلیا نے یہاں انٹرا اسکواڈ میچزسے خاصی پریکٹس لی ہے۔
آسٹریلیا کا انگلینڈ کے خلاف مجموعی میچز میں غلبہ ہے،16میں سے 9 میچز اس نے جیت رکھے ہیں لیکن اس کا انگلینڈ میں ٹی 20 کا اریکارڈ خراب ہے ،یہاں کھیلے گئے 11میچز میں سے اس نے صرف ایک میچ جیتا ہے،یہ میچز مختلف ممالک کے بھی ہیں۔انگلینڈ نے 2018میں آسٹریلیا کے خلاف ایج باسٹن میں 5وکٹ پر 221رنزبناکر بڑا مجموعہ سیٹ کررکھا ہے ،آسٹریلیا نے 2013میں اسی ایجز بول میں 6وکٹ پر 248رنزکئےتھے جب ایرون فنچ نے 156کی یاد گار اننگ کھیلی تھی۔
ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دے گی،میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے شروع ہوگا۔ٹاس کا سکہ اوئن مورگن اور میچ کا نتیجہ ایرون فنچ کےحق میں جاسکتا ہے۔
انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف 3 میچز کی ٹی 20 سیریز1-1سے ڈرا کھیلی ہے.گزشتہ جمعہ کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا.

اپنا تبصرہ بھیجیں