آئی پی ایل کو سب سے بڑا جھٹکا ،اسٹیون اسمتھ کی فلائٹ خطرے میں،بریکنگ نیوز

عمران عثمانی

انگلینڈ کرکٹ کے ہوم سیزن کے اختتام کے ساتھ ہی آج جمعرات کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کے 22 کرکٹرز کے ایک ہی چارٹرڈ فلائٹ سے سفر کرنے کا پروگرام ہے،دونوںممالک کے یہ کھلاڑی آئی پی ایل کے لئے متحدہ عرب امارات کا رخ کریں گے،لیگ 19ستمبر سے شروع ہونی ہے۔
اہم ترین سوال یہ ہے کہ آسٹریلیا کے کرکٹر اسٹیون اسمتھ اس دستے کے ساتھ دبئی جائیں گے یا اپنی ٹیم کے ساتھ واپس آسٹریلیا،کیونکہ ٹور منیجمنٹ نے انہیں انگلینڈ کے خلاف تینوں ایک روزہ میچز میں موقع نہیں دیا ہے،بتایا یہ گیا تھا کہ پہلے میچ سے قبل ٹریننگ کے دوران انہیں سر پر چوٹ لگی تھی لیکن اگلے روز ان کے دونوں ٹیسٹ کلیئر آگئے تھے،اس کے باوجود دوسرے میچ میں نہیں کھلایا گیا اور پھر تیسرے میچ میں اعلان کے باوجود وہ شامل نہیں ہوئے ہیں۔
راجستھان رائلز ٹیم ان کی قیادت کے لئے راہ تک رہی ہے لیکن آسٹریلیا کے لئے 3 اہم ترین ون ڈے میچز نہ کھیلنے والے اسٹیون اسمتھ طویل سفر کرکے دبئی جائیں گے؟ایک ہفتہ کا قرنطینہ کریں گے اور پھر لیگ کے لئے فٹ ہونگے؟یہ سوالات نہایت ہی اہم ہیں کیونکہ ملکی ڈیوٹی میں عاجز رہنے والے پلیئر اگلے ہی روز ایک ملک کی ڈومیسٹک لیگ کے لئے ایسے جائیں گے تو سوالات تواٹھیں گے۔
دوسری اہم بات یہ ہے کہ کیا ان کی چوٹ اتنی سنجیدہ تھی کہ انہیں تینوں میچز نہیں کھلائے گئے،عام طور پر ایسا ہوتا ہے تو آغاز ہی میں اعلان ہوجاتا ہے کہ کرکٹر اسکواڈ سے باہر ہے ،یہاں بھی پرا سراریت ہی ہے۔اسٹیون اسمتھ نے اگر آئی پی ایل نہیں کھیلی تو یہ لیگ،بھارتی کرکٹ اور ان کی ٹیم راجستھان رائلز کے لئے نہایت جھٹکے کی بات ہوگی کیونکہ ایک اور اہم کرکٹر بین سٹوکس کی شرکت بھی مشکوک ہے وہ والد کی بیماری کی وجہ سے نیوزی لینڈ میں ہیں اور تاحال اپنی دستیابی کا نہیں بتاسکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں