ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ بھی تاریک،بنگلہ دیش کا ملتوی میچز کروانے سے انکار،بریکنگ نیوز

عمران عثمانی

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ملتوی شدہ ٹیسٹ میچز کے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے مقررہ سائیکل میں کروانے سے معذرت کرکےایک نیا ایشو کھڑا کردیا ہے جس کا مطلب واضح ہےکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا دورانیہ بڑھانا پڑے گا اور اگلے سال شیڈول فائنل ملتوی کرنا پڑےگا۔
بنگلہ دیش ٹیم دنیائے کرکٹ کی سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ٹیم بن گئی ہے،کوروناکی وجہ سے اس کے اب تک 8 ٹیسٹ میچز ملتوی ہوچکے ہیں،ایک ٹیسٹ پاکستان میں کھیلنا تھا،2 ٹیسٹ آسٹریلیا کے خلاف تھے،2 ٹیسٹ نیوز ی لینڈ اور 3 سری لنکا کے خلاف ہونے تھے،یہ تمام 8میچز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے آپریشن منیجر کرم خان نے اعلان کیا ہے کہ یہ میچز اسی صورت میں ممکن ہیں کہ آئی سی سی پہلی ٹیسٹ چیمپئن شپ کےسائیکل کی مدت میں اضافہ کردے،اس کا فائنل اگلے سال جون میں کھیلا جانا ہے۔
بی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین نے بھی ایسی ہی بات کی ہے لیکن ساتھ ہی ان کا کہناتھا کہ اگر آئی سی سی کے اپنے میگا ایونٹس ملتوی ہوتے ہیں تو پھر شاید کوئی امکان بنے لیکن وہ بھی دیکھنا پڑے گا،اگر ٹاپ 2 ٹیموں کا فائنل اسی کنڈیشن میں کروایا جاتا ہے کہ ملتوی سیریز کے پوائنٹس مساوی تقسم ہوجائیں تو یہ نا انصافی ہوگی کیونکہ سب کو یکساں مواقع نہیں ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ جاری حالات میں اگلے سال جون تک ہم یہ ملتوی شدہ 8 میچز نہیں کھیل سکیں گے،یہ واضح اور حتمی بات ہے اس لئے بہتر چوائس ٹیسٹ چیمپئن شپ کو 2023تک بڑھانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں