وزیر اعظم عمران خان سے آج کرکٹ کے بڑوں کی ملاقات،اظہر علی کے لئے خاص پیغام

اسلام آباد(کرک سین رپورٹ)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی،چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور کرکٹ کمیٹی کے رکن سابق کپتان وسیم اکرم ،ہیڈ کوچ مصباح الحق سمیت موجودہ کپتان اظہر علی اور سینئر کھلاڑی و سابق کپتان محمد حفیظ وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے آج اہم ملاقات کر رہے ہیں،اسلام آباد میں شیڈول ملاقات میں پی سی بی حکام پیٹرن انچیف پی سی بی عمران خان کو کرکٹ حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دیں گے ۔ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالہ سے کی گئی تبدیلیوں اور دیگر اہم معاملات پر بات ہوگی،میچ فکسنگ سمیت کرکٹ کرائم سے متعلق بھیجی گئی نئی سمری کے بارے میں بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔
محمد حفیظ نے ایک روز قبل دعویٰ کیا تھا کہ وہ پاکستان کے عظیم سابق کپتان عمران خان کو ملکی ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحالی کے حوالہ سے قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔عمران خان نے ملکی ڈومیسٹک کرکٹ سے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرکے علاقائی کرکٹ ٹیمیں بنانے کا ٹاسک دیا تھا جو پی سی بی نے لاگو کردیا ہوا ہے لیکن اس حوالہ سے سابق کپتان جاوید میاں داد سمیت نامور نامی گرامی کرکٹرز کو تحفظات لاحق ہیں۔
ملاقات میں جہاں اور کئی امور زیر بحث آئیں گے،وہاں ملکی ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالہ سے اہم پیش رفت متوقع ہے اس کے ساتھ ہی کرکٹ بورڈ حکام انٹر نیشنل کرکٹ کے لئے حکومتی محکموں کے خصوصی تعاون کی درخواست کریں گے جس میں محکمہ صحت سے لیکر کئی ادارے شامل ہیں جوبائیو سیکیور ببل میں معاون ثابت ہونگے۔پاکستان کے آنے والے سیزن میں زمبابوے،جنوبی افریقا نے پاکستان کا دورہ کرنا ہے جبکہ پی ایس ایل کے لئے کئی غیر ملکی پلیئرز کے معاہدے ہیں۔پی سی بی حکام وزیر اعظم کو انگلینڈ میں تیار کئے گئے بائیو سیئکیور ببل کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتائیں گے کہ کس طرح متعدد حکومتی ادارے کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر انٹر نیشنل سیزن کو کامیاب بنانے میں پیش پیش رہے ہیں۔ملاقات میں اندرونی و بیرونی کرکٹ سرگرمیوں پر بھی بات ہوگی۔
پاکستان کے حالیہ دورہ انگلینڈ میں ٹیسٹ ٹیم کی شکست پر وزیر اعظم کی جانب سے موجودہ کپتان اظہر علی کے لئے کچھ رہنمائی متوقع ہے کیونکہ پاکستان نے پہلا ٹیسٹ جس طرح جیت کر ہارا تھا اور اسی پر سیریز بھی کھودی تھی،وہاں کپتانی اور اس وقت کئے گئے فیصلے بھی موضوع بحث بنے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں